ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چنئی: بلدیاتی انتخاب،باحجاب ووٹر پر اعتراض،بی جے پی ایجنٹ کو ہٹایاگیا

چنئی: بلدیاتی انتخاب،باحجاب ووٹر پر اعتراض،بی جے پی ایجنٹ کو ہٹایاگیا

Sun, 20 Feb 2022 10:55:57    S.O. News Service

چنئی،20؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی)حجاب تنازعہ اس وقت ہندوستان میں اپنے عروج پر ہے۔ کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے بعد اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں دوسرے مرحلہ کے دوران کچھ بی جے پی لیڈروں نے باحجاب خاتون ووٹرس پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے فرضی ووٹ کا خطرہ ہے۔ اب چنئی میں بلدیاتی انتخاب کے دوران بی جے پی ایجنٹ نے ایک باحجاب خاتون ووٹر پر اعتراض کر دیا اور اس سے کہا کہ حجاب اتار کر ووٹ ڈالے۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد وہاں ہنگامہ پیدا ہو گیا اور حالات ایسے بن گئے کہ بی جے پی ایجنٹ کو ہی اس جگہ سے ہٹا دیا گیا۔

دراصل 19 فروری کو چنئی میں بلدیاتی انتخاب ہو رہے تھے۔ لوگ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے پہنچ رہے تھے۔ میلور ملیر واقع الامین اسکول کے پولنگ بوتھ پر جب ایک باحجاب خاتون ووٹ ڈالنے کے لیے پہنچی تو بی جے پی ایجنٹ نے اسے ووٹ ڈالنے سے روک دیا۔ بی جے پی ایجنٹ کا نام گری راجن بتایا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جب گری راجن نے خاتون ووٹر سے حجاب اتارنے کے لیے کہا تو اس نے ایسا کرنے سے منع کیا۔ پھر ڈی ایم کے اور اے آئی اے ڈی ایم کے بھی بی جے پی ایجنٹ کی مخالفت میں کھڑے ہو گئے۔ ہنگامہ اتنا بڑھ گیا کہ ووٹنگ کے عمل کو بھی تھوڑی دیر کے لیے روکنا پڑا۔

بتایا جاتا ہے کہ اے ڈی ایم کے اور اے آئی اے ڈی ایم کے کارکنان نے بی جے پی ایجنٹ گری راجن کو بوتھ سے ہٹانے کا مطالبہ کرنے لگے۔ انھوں نے کہا کہ جب تک گری راجن کو وہاں سے ہٹایا نہیں جائے گا، وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ بالآخر بی جے پی ایجنٹ کو اس پولنگ مرکز سے ہٹایا گیا اور پھر ووٹنگ کا عمل شروع ہو سکا۔


Share: